سہ پرتی سکیوریٹی انتظامات ۔ کمشنر سائبر آباد وی سی سجنار کا بیان
حیدرآباد /12 اپریل ( سیاست نیوز ) کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتایا کہ چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ کے تمام الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو سخت ترین صیانتی انتظامات میں محفوظ کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے آج ضلع انتظامیہ اور پولیس عہدیداروں کے ہمراہ شمس آباد پالماکول میں واقع وجئے کرشنا انجینئیرنگ کالج کا دورہ کیا ۔ کالج میں چیوڑلہ پارلیمانی حلقہ کے تحت 7 اسمبلی حلقوں ( راجندر نگر ، چیوڑلہ ، شیرلنگم پلی ، تانڈور ، وقارآباد ، پرگی اور مہیشورم ) کے تمام الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو محفوظ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ اسٹرانگ روم کے اطراف سہ پرتی سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ پہلے درجہ میں نیم فوجی دستے تعینات رہیں گے جبکہ دوسرے پر جو اسٹرانگ روم کے باہر بیاریکیڈس کے ذریعہ سخت صیانتی قول میں رہے گا ۔ اس کی ذمہ داری اے آر پولیس کے سپرد کی گئی ہے جبکہ تیسرے درجہ میں لاء اینڈ آرڈر سیول پولیس رہے گی ۔ جبکہ اسٹرانک روم میں جانے کی کسی کو اجازت نہیں ہو گی ۔ کمشنر نے بتایا کہ ووٹنگ مشین والے اسٹرانگ روم میں 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کیمروں سے نظر رکھی جارہی ہے اور ہر لمحہ کو ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ یاد رہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین 42 دن تک اسٹرانگ روم میں رہیں گے چونکہ ووٹوں کی گنتی مئی 23 کو مقرر ہے ۔