چیوڑلہ کے عوام اور کسانوں کو لکھ پتی بنانے کا عہد

کانگریس رکن اسمبلی یادیا کی ٹی آر ایس میں شمولیت ‘ کے چندرشیکھرراؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 نومبر (این ایس ایس ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کالواکنٹلا چندر شیکھرراؤ نے آج کہا کہ حلقہ اسمبلی چیوڑلہ کے دیہاتوں کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمہ کے لئے مرکز کے تحت جاری کردہ سرکاری حکمنامہ 111 کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے مقصد سے ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی ۔ مسٹر چندرشیکھرراؤ نے تلنگانہ بھون میں کانگریس کے رکن اسمبلی چیوڑلہ کے یادیا کو ٹی آر ایس میں شامل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرکز کو ایک مکتوب روانہ کریں گے جس کے ذریعہ اس حکمنامہ پر توجہ مبذلو کروائی جائیگی جو حلقہ اسمبلی چیوڑلہ کے 80 مواضعات کی ترقی کی راہ میں حائل ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حمایت ساگر میں انسداد آلودگی کے لئے محکمہ ماحولیات یہ حکمنامہ جاری کیا تاہم بہت جلد وہ اس حکمنامہ کے خلاف مرکز کو تجاویز پیش کریں گے ۔ چیف منسٹر نے اس بات پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا کہ چیوڑلہ حیدرآباد سے بہت قریب ہونے کے باوجود ترقی کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ لیکن اب ٹی آر ایس حکومت روزگار کی فراہمی اور حیدرآباد کو مقامی ترکاریوں کی منتقلی کی راہ ہموار کرتے ہوئے بہت جلد اس حلقے کے عوام اور کسانوں کو لاکھ پتی بنانے کے اقدامات کریں گے ۔ کے سی آر نے شنکرپلی اور چیوڑلہ میں سرکاری دواخانے قائم کرنے کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں دو لاکھ کروڑ روپئے مالیاتی قیمتی اراضیات ہیں جو اس شہر کی ترقی کے لئے استعمال کئے جائیں گے ۔