چیوڑلہ میں المناک سڑک حادثہ ‘ 3 نوجوان ہلاک

حیدرآباد ۔ /28 جنوری (سیاست نیوز) مضافاتی علاقے چیوڑلہ میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں تین نوجوان بشمول ایم این سی ملازم برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب یہ واقعہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں مرزا گوڑہ ، چیوڑلہ کے درمیان پیش آیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس پروین ، اے ارجن جو جین پیک کمپنی کے ملازم تھے اپنے دیگر ساتھیوں بی ڈیوڈ جانسن اور جی سراون کے ہمراہ وقار آباد میں تفریح کے بعد صبح شہر واپس لوٹ رہے تھے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں ان کی تیزرفتار کار ایک درخت سے جاٹکرائی ۔ اس حادثہ میں پروین ، ارجن اور ڈیویڈ جانسن برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پروین تیزرفتاری سے کار چلارہا تھا اور توازن کھوکر درخت سے جاٹکرایا ۔ حادثہ کی شدت کے نتیجہ میں تینوں نوجوان زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ آج صبح مقامی افراد نے مقامی پولیس کو اطلاع دی جس کے نتیجہ میں پولیس کی ایک ٹیم جائے حادثہ پر پہونچکر نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا جبکہ زخمی کو چیوڑلہ گورنمنٹ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔