چین کے 36,907 عہدیداروں کی جعلسازی کی تحقیقات

بیجنگ۔ 5؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ چین نے تقریباً 37 ہزار سرکاری عہدیداروں کے مبینہ کرپشن کے 27 ہزار واقعات کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جو جنوری تا نومبر 2013ء کے درمیان پیش آئے تھے اور جن کی وجہ سے سرکاری خزانہ کو 91 کروڑ امریکی ڈالر مالیتی نقصان پہنچا ہے۔ 36,907 عہدیدار مبینہ طور پر 27 ہزار 236 معاملات میں ملوث تھے جن میں سے 21 ہزار 848 معاملات بڑے اور اہم ہیں۔ بڑے اور اہم واقعات جملہ واقعات کا 80.2 فیصد ہیں۔ استغاثہ نے 16,510 معاملات کی تحقیقات مکمل کرلی ہے جن سے عوام کو نقصان پہنچا ہے۔

وزیر خارجہ امریکہ جان کیری اردن اور سعودی عرب کیلئے روانہ
یروشلم 5؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ امریکہ جان کیری اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات کی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیلئے اردن اور سعودی عرب دورہ پر روانہ ہوگئے۔ انھیں ابھی امریکہ کے حلیفوں کے ساتھ بات کرنا ہے تاکہ مشرق وسطیٰ کے گڑبڑ زدہ علاقوں کو پُرامن بنانے کی کوشش پر اتفاق رائے ہوسکے۔ جان کیری یروشلم کے تین روزہ دورہ اور وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو اور صدر فلسطینی اتھاریٹی محمود عباس سے کئی ملاقاتیں کرنے کے بعد سعودی عرب اور اردن کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔ انھوں نے دونوں فریقین پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ ایک امن معاہدہ پر دستخط کردیں، جسکے مطابق آزاد مملکت فلسطین وجود میں آئیگی اور اسرائیل کے ساتھ موجود رہیگی۔ اس سے اسرائیل کے خلاف عرب کارروائیوں کا اختتام ممکن ہے جس سے اسرائیل محفوظ ہوجائے گا۔ جان کیری آج اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور سعودی عرب کے ملک عبداللہ سے بات چیت کریںگے۔