شنگھائی، 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چین کے وزیر خارجہ یانگ یی اس ہفتے امریکہ کا دورہ کریں گے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا یہ پہلا امریکی دورہ ہوگا۔ خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسٹر یانگ پیر یا منگل کو امریکہ کے دورے پر جائیں گے ۔ اس سے پہلے گزشتہ ہفتے ہی دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے فون پر بات چیت کی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات پر زور دیا تھا۔چین کے صدر شی جن پنگ کے خارجہ پالیسی کے لیے اعلیٰ ترین مشیر اسٹیٹ کونسلر یانگ جیئچی پیر اور منگل کو اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یانگ چین کے وزیرخارجہ اور امریکہ میں سفیر بھی رہ چکے ہیں۔دنیا کی ان دو بڑی اقتصادی قوتوں کے درمیان ٹرمپ کی طرف سے چین پر غیرمنصفانہ تجارتی طریقہ کار سمیت متعدد الزامات کے بعد تعلقات کی سمت پر غیریقینی کا اظہار کیا جاتا رہا ہے ۔ٹرمپ جنوبی بحیرہ چین میں بیجنگ کی سرگرمیوں پر اسے تنقید کا نشانہ بنانے کے علاوہ تائیوان سے امریکہ کے تعلقات استوار کرنے کا اشارہ بھی دے چکے تھے ۔چین، تائیوان کو اپنا حصہ تصور کرتا ہے اور ٹرمپ کے ایسے بیانات پر اس نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کو "ون چائنا” پالیسی کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے ۔ دنیا کی دو سب سے مضبوط معیشت چین اور امریکہ ٹرمپ کے نومبر میں انتخابات جیتنے کے بعد پھر سے اپنے تعلقات کو پٹری پر لانا چاہتے ہیں۔ مسٹر یانگ کا یہ دورہ سابق صدر رچرڈ نکسن کے 45 ویں سالگرہ پر ہوگا۔ نکسن نے 1972 میں چین کا دورہ کیا تھا۔