چین کے لیے اے پی میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع

چینگڑو کے بزنس وفد کی چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( این ایس ایس ) : چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچوان کے دارالحکومت چینگڑو کے ڈپٹی مئیر فویانگلین کی قیادت میں چینگڑو کے ایک بزنس وفد نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی ۔ اس سال مارچ میں چندرا بابو نائیڈو کے دورہ چین کے بعد چینگڑو کے بزنس وفد نے سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر نے گورنر سیچوان وی ہانگ سے ملاقات کی تھی ۔ شہر کی ایک ہوٹل میں چینگڑو کے بزنس وفد اور اے پی کے بزنسمین کے درمیان انٹریکٹیوسیشن کے دوران چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش میں تعاون و اشتراک کے ایریاس کو سمجھنے اور سرکاری عہدیداروں سے تبادلہ خیال کے لیے ایک وفد کی قیادت کرنے پر یانگلین سے اظہار تشکر کیا ۔ چین کے اس وفد نے مینو فیکچرنگ ، آئی ٹی شعبہ اور زراعت میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ چین کے لیے آندھرا پردیش میں انفراسٹرکچر ، پورٹس ، تعمیرات ، مینوفکچرنگ اور اگرو پروسیسنگ شعبوں میں سرمایہ کاری کے کافی مواقع ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہم ایک نئی ریاست اور ایک نئے دارالحکومت کی تعمیر کررہے ہیں ۔ ہر کام جو ہم شروع کریں گے اسے بہترین انداز میں انجام دیں گے اور کہا کہ اے پی میں طویل ساحل ہے جس سے ایکو ۔ ٹورازم اور بیچ ٹورازم کو فروغ دینے کا موقع ہوگا ۔ یانگلین نے کہا کہ ہندوستان اور چین کے درمیان بہتر تجارتی تعلقات ہیں ۔ گذشتہ ایک سال میں ہندوستان اور چینگڑو کے درمیان ایک بلین ڈالر کی تجارت ہوئی اور کہا کہ جنوری اور مارچ 2015 کے درمیان 200 ملین ڈالر کا ٹریڈ ایکسچینج ہوا ۔۔