بیجنگ۔ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین کے بدامنی کا شکار صوبہ ژن جیانگ میں سلسلہ وار دھماکوں کے ذریعہ ایک نمائش اور پولیس اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دہشت گرد حملے میں 50 افراد بشمول 40 تشدد بھڑکانے والے ہلاک ہوگئے۔ اس صوبہ میں حکومت کو علیحدگی پسند نسلی ایغور مسلمانوں کی بغاوت کا سامنا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے اتوار کو ہوئے سلسلہ وار دھماکوں کی تفصیلات بتائی جس میں کہا گیا کہ ایک دکان ، ایک اوپن فیر اور دو پولیس اسٹیشنس نشانہ بنے۔ صوبہ کے آبائی ایغور مسلم آبادی نے دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے عوام کی یہاں آباد کاری کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ یہاں گزشتہ کئی سال سے پرتشدد حملوں کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ چین نے اس کیلئے القاعدہ کی پشت پناہی کی حامل ایسٹ ترکستان اسلامک مومنٹ کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔