بیجنگ ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج ان خبروں کو ’’بے بنیاد افواہیں‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا کہ ژنجیانگ کے عہدیداروں نے قرآن کریم اور جائے نمازوں کو صوبہ ژنجیانگ میں ضبط کرلیا ہے۔ صوبہ میں گشت کرنے والی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ چین کے ترجمان لوکانگ نے کہا کہ ژنجیانگ میں صورتحال قابو میں ہے اور مقامی عوام پرامن ماحول میں اپنے روزگار کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ فریقین بے بنیاد الزامات اور افواہوں سے باز آجائیں گے۔ سرکاری ذرائع ابلاغ میں کل کہا گیا تھا کہ چینی عہدیداروں نے ژنجیانگ میں صیانتی انتظامات سخت کردیئے ہیں۔