سیڈر ریپڈس،آیووا،22جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔ٹرمپ نے آیووا کے سابق گورنر ٹیری برینسٹین کے چین میں امریکہ کے سفیر مقرر ہونے پر کہاکہ چین کے ساتھ ہمارے بہترین تعلقات ہیں اور میں صدر شی جن پنگ کو پسند کرتاہوں۔اس سے پہلے مسٹر ٹرمپ نے چین پر الزام لگایا تھا کہ وہ شمالی کوریا کے نیوکلیائی اور بیلسٹک میزائل پروگراموں پر پابندی لگانے میں ناکام رہا ہے ۔انہوں نے ٹویٹ کرکے کہاکہ حالانکہ میں شمالی کوریا کے معاملے میں مدد کے لئے صدر شی جن پنگ اور چین کی کوششوں کی ستائش کرتاہوں،لیکن یہ کوششیں بے معنی ثابت ہوئی ،لیکن میں یہ جانتا ہوں کہ چین نے کم سے کم اس کے لئے کوشش تو کی۔
امریکہ میں ا یک صدی بعد 21 اگست کو سورج گہن
واشنگٹن ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں تقریباً ایک صدی کے بعد مکمل سورج گہن کا مشاہدہ کیا جائیگا اور اس طرح لاکھوں امریکی شہری جنہیں محتاط رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، سورج گہن کا نظارہ کرسکیں گے۔ 1918ء کے بعد اپنی نوعیت کا یہ پہلا سورج گہن ہوگا جو 21 اگست کو رونما ہوگا اور اس وقت چاند، سورج اور زمین کے درمیان سے گذریگا جس سے زمینی علاقے ایک گھنے سائے کے تلے آجائیں گے اور اندھیرا ہوجانے کی وجہ سے ستاروں اور سیاروں کو بھی با آسانی دیکھا جاسکے گا۔