بیجنگ ۔ یکم اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چین کے ایک جنوبی شہر میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں ایک اور طاقتور دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں ایک چھ منزلہ عمارت کو نقصان پہونچا ۔ ایک دن قبل ہی چین میں جملہ 17 پارسل بم دھماکے ہوئے تھے جن کے نتیجہ میں سات افراد ہلاک اور زائد از 50 زخمی ہوگئے تھے ۔ کہا گیا ہے کہ آج صبح آٹھ بجے کے وقت چین کے جنوب مغربی گوانکسی صوبہ کی لیوچینگ کاؤنٹی میں دھماکہ ہوا تھا جبکہ ملک میں اس کے قومی دن کی تقاریب منعقد کی جا رہی تھیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ دھماکہ ایک عام شہری کے گھر میں ہوا جو مقامی ہائی وے اڈمنسٹریشن بیورو کے دفتر کیق ریب ہے ۔ سرکاری خبر رساں ادارے زنہوا نے یہ اطلاع دی اور کہا کہ اس دھماکہ کے نتیجہ میں حالانکہ چھ منزلہ عمارت کو نقصان پہونچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ یہ کوئی دہشت گردانہ حملہ نہیں تھا ۔ پولیس نے اس دھماکہ کے سلسلہ میں ڈاپو ٹاؤن شپ سے ایک 33 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس شخص کا نام صرف وئی ظاہر کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس شخص نے لیٹر بم روانہ کرنے کیلئے دوسروں کی خدمات بھی حصال کی تھیں۔ پولیس نے ان پرتشدد حملوں کی وجوہات نہیں بتائیں۔ مقامی حکام نے بتایا کہ انہوں نے ان دھماکوں کے بعد سے سامان کی منتقلی میں مزید چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ سرکاری میل ڈلیوری کمپنی چائنا پوسٹ کی مقامی برانچ نے اپنی تمام میل ڈلیوریز کو روک دیا ہے اور صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔