وزراء صرف تقاریر کررہے ہیں ، مودی کے بیرونی دورے بے فیض :کانگریس
نئی دہلی ۔ 4 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کے بیرونی دوروں پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اس سے ہندوستان کو کسی طرح کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔ اسرائیل کے جاریہ دورہ کس قدر فائدہ مندہوگا اس بارے میں بھی فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا ۔ پارٹی کے سینئر ترجمان اجئے ماکن نے آج یہ تبصرہ اُس وقت کیا جبکہ وزیراعظم نریندر مودی اسرائیل کے سہ روزہ دورہ پر روانہ ہوئے ۔ اس ملک کو ہندوستانی وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ اجئے ماکن نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران مودی نے 64 دورے کئے اور اس میں صرف ہندوستانی عوام کو ٹیلی ویژن شو کے ذریعہ بہلایا گیا ۔ ملک کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے ۔ اب مودی 65واں دورہ کررہے ہیں اور یہ وقت ہی بتائے گا کہ اس سے ہندوستان کو کتنا فائدہ ہوگا؟ اگر اب تک کا ریکارڈ دیکھا جائے تو اُن کے گزشتہ بیرونی دوروں سے ہندوستان کو ذرا بھی فائدہ نہیں ہوا ۔ انھوں نے مرکز پر چین کی مداخلت کاری پر سنجیدہ نہ ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ امکانی حملے کو روکنے کیلئے موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں یا پھر بیجنگ کے ساتھ سفارتی کوششیں تیز کی جائیں ۔ اجئے ماکن نے کہاکہ مرکزی وزراء صرف زبانی باتیں کررہے ہیں ۔ حکومت متعدد مداخلت کاری اور جارحیت سے نمٹنے کیلئے کوئی حکمت عملی کیوں نہیں بنارہی ہے ۔ دوسری طرف وزیراعظم بیرونی دوروں کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت چینی مداخلت کاری کے معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ ہماری حکومت مداخلت کاری کو جارحیت قرار دے رہی ہے جب آپ خود مداخلت کاری کی سنگینی کو کم کرتے ہوئے اسے جارحیت قرار دیں گے تو پھر اس مسئلہ پر مقابلہ کس طرح کیا جاسکتا ہے ؟ سابق وزیراجئے ماکن نے کہاکہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کو چاہئے کہ وہ اچھی طرح سے تیاری کرے ۔ چین یا پاکستان کی سرحد کے معاملے میں کسی بھی امکانی حملے کے تعلق سے بھرپور تجزیہ کیا جائے ۔ پہلے اس حقیقت کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ چین مداخلت کاری کررہاہے ۔ حکومت کو فوری طورپر اس معاملے میں اقدامات کرنے ہوں گے ۔ حکومت صرف تقاریر کررہی ہے اور مداخلت کار مسلسل ہندوستان میں گھس رہے ہیں ۔ ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا ۔
ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ کرن رجیجو بچ گئے
ایٹانگر ۔ 4 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر کرن رجیجو آج اُس وقت بچ گئے جب اُن کے ہیلی کاپٹر نے خراب موسم کے سبب ایک چھوٹے کھیت میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ Mi-17 ہیلی کاپٹر میں کرن رجیجو اور دیگر سات مسافرین و عملہ گوہاٹی سے جارہے تھے کہ اچانک تیز بارش اور کہر کے سبب پائلیٹ کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی ۔ بعد ازاں مرکزی مملکتی وزیر داخلہ رجیجو نے کہاکہ میں خوش قسمت ہوں کہ ہیلی کاپٹر نے بحفاظت لینڈنگ کی ۔ انھوں نے بی ایس ایف پائلٹ کا شکریہ ادا کیا جو کافی تجربہ کار ہیں۔ ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے بعد مقامی افراد بھی وہاں پہونچ گئے تھے جنھوں نے رجیجو اور دیگر کی مدد کی ۔