بیجنگ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)چین کے ژنجیانگ علاقہ میں واقع سب سے بڑی مسجد کے امام کو آج ہلاک کردیا گیا ۔ جبکہ پولیس نے دو مشتبہ افراد کو گولی مار دی اور ایک کو گرفتار کرلیا ہے ۔ 74 سالہ جمعہ طاہر کل عیدگاہ مسجد میں نماز کی ادائیگی کے بعد واپس آرہے تھے کہ نا معلوم افراد نے انہیں چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا ۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ژونوہا کے بموجب پولیس نے دو مشتبہ افراد کو گولی مارد ی اور تیسرے کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق یہ تینوںمشتبہ افراد مذہبی انتہا پسندی کا شکار ہوگئے تھے اور انہوں نے اپنے اثر و رسوخ میں اضافہ کیلئے کچھ بڑا کام کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جبکہ کل ہی مشتبہ افراد کو چاقوؤں اور کلہاڑیوں کے ساتھ گرفتار کیا تھا ۔ چین کی 600 سال قدیم یہ مسجد کاؤنٹی سطح کے شہر کزغر میں واقع ہے اور جمعہ طاہر کو حکمراں کمیونسٹ پارٹی نے یہاں کا امام مقرر کیا تھا ۔
جاسوس کی موت پر روس جوابدہ : برطانوی جج
لندن ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی جج نے آج روس سے کہا کہ وہ سابق کے جی بی جاسوس الیگزینڈر لیٹینوکوف کی موت کا جواب دینا ضروری ہے۔ اس جاسوس نے صدر روس ولادیمیر پوٹن پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اس کے قتل کا حکم دیا ہے۔ 43 سالہ لیٹینیوکوف کو 2006ء میں لندن کی ایک ہوٹل میں ریڈیو ایکیٹیو زہر دیکر ہلاک کیا گیا تھا۔ اس نے پوٹن پر الزام عائد کیا تھا کہ اس کی ہلاکت کیلئے وہی ذمہ دار ہیں۔ جج رابرٹ اوون نے اس کیس کی برسرعام سماعت شروع کی ہے۔ وہ تحقیقات کے سلسلہ میں رازدارانہ ثبوت کی سماعت بھی کریں گے اور اس کیس کی آئندہ سال کے اختتام تک یکسوئی ممکن ہے۔ جج نے کہا کہ روس کی ذمہ داری ہیکہ وہ تحقیقات کی اہم معلومات فراہم کریں۔