بیجنگ 22 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چین کے صدر ژی جن پنگ نے آج اپنے ملک کی فوج پیپلز لبریشن آرمی سے کہا کہ وہ ایک علاقائی جنگ جیتنے کیلئے پوری تیار کرلے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ مرکزی قیادت سے جو فیصلے کئے جائیں گے ان پر سختی سے عمل آوری ہو۔ صدر ژی نے جو چین کے مرکزی ملٹری کمیشن کے صدر نشین اور کمیونسٹ پارٹی آف چین کے جنرل سکریٹری بھی ہیں کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹرس کو کمیونسٹ پارٹی کی مکمل وفادار رہنا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ مرکزی قیادت کی جانب سے جو کچھ بھی فیصلے کئے جائیں ان پر پوری طرح سے عمل آوری ہو ۔ صدر ژی گذشتہ ہفتے ہی ہندوستان کے تین روزہ دورہ سے وطن واپس ہوئے ہیں۔ ان کا سرکاری خبر رساں ادارے زنہوا نے یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا کہ پیپلز لبریشن آرمی کی افواج کے ہیڈ کوارٹرس کو چاہئے کہ وہ اپنی لڑائی کی تیاریوں میں بہتری پیدا کرے اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے اس دور میں ایک علاقائی جنگ جیتنے اپنی صلاحیتوں میں مزید بہتری پیدا کریں۔ حالانکہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مسٹر ژی نے اپنے ملک کی افواج کو علاقائی جنگ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے تاہم یہ بیان اس تناظر میں اہمیت کا حامل ہے کیونکہ چین کی جانب سے حقیقی خط قبضہ پر ہندوستان کی سرحدات میں کئی بار در اندازی کی گئی ہے ۔ ان واقعات کا اثر ان کے دورہ ہندوستان کے موقع پر بھی دیکھا گیا تھا ۔