امراوتی ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چین کی دیو قامت تجارتی فرم علی بابا کے تحت علی بابا کلاؤڈ انڈیا نے منگل کو اے پی اکنامک ڈیولپمنٹ بورڈ (APEDB) کے ساتھ سب سے چھوٹی ، چھوٹی اور متوسط کمپنیوں کے قیام کے سلسلہ میں ایک اے ایم یو پر دستخط کی ہیں ۔ گنٹور کے انداولی کے مقام پر ہوئی اس تقریب میں وزیراعلی چندرا بابو نائیڈو نے اس معاہدہ پر دستخط کی ۔ اس معاہدہ کے تحت علی بابا کمپنی ریاست آندھرا پردیش کے آئی ٹی شعبہ مہارتی ڈیولپمنٹ اور دوسرے شعبوں میں تعاون کرے گی ۔ APEDB سی ای او کرشنا کشور اور علی بابا کلاؤڈ انڈیا ایم ڈی الیکس بی نے اس معاہدہ پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر علی بابا کمپنی کے وفد نے اظہار خیال کیا کہ وہ اپنے اسمارٹ سٹی اور ٹریفک بہاؤ کے دیرینہ تجربہ کے پیش نظر وہ ریاستی حکومت کو ایک بہترین تصوراتی شہر کی حیثیت سے تشکیل دینے میں پوری طرح مدد کریں گے ۔ اس کے علاوہ وہ ریاستی حکومتی حکام کو اڈوانس ٹکنالوجی کے موثر استعمال پر مکمل ماہرانہ تربیت کا بھی انتظام کرے گی اور ساتھ میں وہ ریاست کو اختراعی اور جدید ٹکنالوجی سے بھی واقف کروائیں گے ۔ اس موقع پر تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ شہریوں کو بہترین حکومتی سہولتوں کی فراہمی کے مقصد سے ریاست کے تمام شعبہ جات علی بابا کمپنی کے ساتھ تعاون دراز کریں گے ۔ وزیر اعلی نے درخواست کی کہ آندھرا پردیش میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ سنٹرز قائم کریں ۔ کمپنی کے وفد نے کہا کہ وہ پہلے ہی اس طرح کا مرکز ممبئی شہر میں قائم کرچکے ہیں ۔۔