چین کی جدید ترین جنگی بحری بیڑے کی تیاری

بیجنگ ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) واشنگٹن کے ایک تھنک ٹینک نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین اپنے تیسرے جنگی بحری بیڑے کی تیاری پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔چائنا پاور نامی تھنک ٹینک نے شنگھائی کے جیانگ نان شپ یارڈ میں زیر تعمیر ایک بڑے بحری جہاز کی سیٹلائیٹ سے لی گئی تصاویر شائع کی ہیں۔ چائناپاور سینٹر فار سٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کا ایک یونٹ ہے۔تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کے ڈھانچے کو جوڑا جا رہا ہے، 80 سے 85 ہزار ٹن وزنی 002 ٹائپ کے جنگی بحری بیڑے کی تیاری کا آغاز ہو چکا ہے۔چائنا پاور کے مطابق بادلوں اور دھند کے درمیان سے لی گئی سٹیلائٹ تصاویر میں چینی جہاز کا اگلا حصہ اور اس کا ڈھانچہ نظر آ رہا ہے۔ شنگھائی کے جیانگ نان شپ یارڈ میں جو چیز تسلسل سے دیکھی جا سکتی ہے وہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کیلئے تیسرے جنگی بحری بیڑے کی تیاری ہے۔