چین کو حریف نہ سمجھیں، امریکہ کا ہندوستان کو مشورہ

نئی دہلی 9 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج کہا ہے کہ ہندوستان کو بہتر روابط کے لئے واشنگٹن اور چین کے مابین کسی ایک کا انتخاب کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور اُسے بیجنگ کو اپنا حریف بھی نہیں سمجھنا چاہئے۔ امریکی ڈیفنس سکریٹری چک ہیگل نے آج یہاں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان اور امریکہ اپنے دفاعی روابط کو وسعت دیں اور سکیورٹی تعاون کے لئے پارٹنرشپ میں جاپان کو بھی شامل کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ جس طرح امریکہ کو اپنے ایشیائی حلیفوں کے مابین کسی ایک کے انتخاب کی ضرورت نہیں

اور اُس کے چین کے ساتھ بھی مثبت روابط ہیں۔ اِسی طرح ہندوستان کو امریکہ کے ساتھ بہتر روابط اور چین کے ساتھ اچھے تعلقات کے بارے میں کسی ایک کا انتخاب کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جہاں تک ہمارے بیجنگ سے روابط کا تعلق ہے دہلی اور واشنگٹن دونوں کو صحتمندانہ مسابقت کے تناظر میں اِسے دیکھنا چاہئے اور ہم غیر ضروری حریفانہ طرز عمل سے گریز کریں۔ چیک ہیگل آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کے پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ امریکہ چاہتا ہے کہ عالمی امن کے لئے کام کرے اور اِس میں چین بھی ایک حصہ دار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان اور امریکہ کو چاہئے کہ وہ مستقبل میں مل کر اپنا کام جاری رکھیں۔

چائے فروش کا بیٹا ملک کی قیادت کرسکتا ہے
ہندوستان اور امریکہ کے مابین متوازی خط فاصل کھینچتے ہوئے چک ہیگل نے کہاکہ دو جمہوری ممالک کے سوا دنیا میں چند مقامات ہی ایسے ہیں جہاں ایک چائے فروش کا بیٹا وزیراعظم بن سکتا ہے یا پھر کینیا کا بچہ صدر بن سکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان اور امریکہ ہی ایسے ممالک ہیں جہاں یہ ممکن ہے کہ ایک چھوٹے سے ٹاؤن کے چائے فروش کا لڑکا وزیراعظم (نریندر مودی) اور غریب کینیائی باشندہ کا لڑکا (بارک اوباما) صدر بن سکتا ہے۔