چین کو اپیک تجارتی منصوبہ کیلئے تائید حاصل

بیجنگ ، 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چینی صدر شی جن پینگ نے اپنے امریکی ہم منصب براک اوباما کے ساتھ آج یہاں غیررسمی بات چیت منعقد کی تاکہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان اختلافات کو دور کیا جاسکے جبکہ چین نے اپنے ’’تاریخی‘‘ ایشیا۔ پیسیفک ٹریڈ پلان کیلئے امریکی مخالفت کے باوجود تائید و حمایت حاصل کرلی۔ وطن میں جہاں ریپبلکنز نے کانگریس اکثریت جیت لی، اس انتخابی ناکامی کے فوری بعد چین کا مشکل سفر کرتے ہوئے اوباما نے معقول سکیورٹی کے حامل زونگ ننہائی میں جو چین کے سرکردہ قائدین کا وطن ہے، جن پینگ کے ساتھ کچھ اطمینان بھرے انداز میں چہل قدمی کرتے ہوئے کم ٹکراؤ والا رشتہ استوار کرنے کی کوشش کی۔ اوباما جو یہاں ایشیا۔ پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اپیک) سمٹ میں شرکت کیلئے تین روزہ دورے پر آئے ہیں، کل جن پینگ کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات کرنے والے ہیں۔ شی۔ اوباما ملاقات سے چند گھنٹے پیشتر آج اپیک سمٹ میں سرکردہ عالمی قائدین نے چین کے تجویز کردہ ’’تاریخی‘‘ آزادانہ تجارت معاملت کی ممکنہ منظوری کی سمت کام کرنے سے اتفاق کرلیا، جو بڑے کیمونسٹ ملک کی فتح ہے کیونکہ وہ عالمی تجارتی پالیسی وضع کرنے میں زیادہ بڑے رول کیلئے کوشاں ہے۔