چین کا ہند و پاک سے پھر باہمی بات چیت کا مشورہ

بیجنگ۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چین نے چہارشنبہ کو پاکستان اور ہندوستان سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں باہمی گفتگو کے لئے رضامند کرنے کی کوشش کی اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو اس وقت صبر و تحمل کا ایسا مظاہرہ کرنا چاہئے جو اس سے قبل نہیں کیا گیا۔ چین کی جانب سے یہ اقدامات ایک ایسے وقت کئے جارہے ہیں جب پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ متنازعہ کشمیر میں موجود ایر اسپیس میں اس نے (پاکستان) ہندوستانی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے کہا کہ اس وقت ہند و پاک کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے اور ایسے حالات پیدا کئے جائیں کہ وہ بات چیت کیلئے سازگار ہوجائیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اگر حالات کشیدہ ہوجائیں تو اس سے جنوبی ایشیا کا پورا خطہ متاثر ہوگا جہاں قیام امن کی وسیع تر کوششیں کی جانی چاہئے۔