بیجنگ، 7 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے دعوی کیا ہے کہ ایک ہندوستانی ڈرون اس کی فضائی سرحد میں دراندازی کرنے کے بعد واپس اپنے علاقے میں جاکر تباہ ہو گیا۔بی بی سی نیوز کے مطابق ویسٹرن تھیٹر کامبیٹ بیورو کے ڈپٹی ڈائرکٹر ژانگ شوئی لی نے کہا کہ یہ حالیہ دنوں کا واقعہ ہے ۔ انہوں نے تاہم واقعہ کے اصل مقام کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ چین کی سرکاری نیوز ایجنسی ژنہوا نے مسٹر شوئی لی کے حوالہ سے کہا کہ ہندوستان نے چین کی علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی کی ہے ۔ہمالیائی سطح مرتفع کے ایک علاقہ پر دونوں ممالک کے درمیان اس سال موسم گرما میں تنازعہ ابھر کر سامنے آیا تھا۔گزشتہ جون میں ہندوستان ، چین اور بھوٹان کی سرحد پر واقع ڈوکلام / ڈوگلانگ سطح مرتفع تک چین کی جانب سے سڑک کی تعمیر کی ہندوستان نے سخت مخالفت کی تھی. اس علاقے پر بھوٹان کے قبضے کا ہندوستان حمایت کرتا ہے جبکہ چین بھی اس کا مدمقابل ہے ۔ ہندوستان نے اگرچہ چین کے تازہ دعوے کو لے کر ابھی تک کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔ سرکاری میڈیا نے مسٹر شوئی لي کے حوالہ سے اپنی تفصیلی رپورٹ میں کہا کہ چین کی سرحدی سیکورٹی فورسز نے اس مبینہ ڈرون کی توثیق بھی کی ہے۔انہوں نے اس معاملہ کا یہ کہتے ہوئے احتجاج اور عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ملک کی سلامتی اور حقوق پر بھی خطرہ ہے ۔