بیجنگ ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج ان الزامات کو مسترد کردیا جن کے تحت شمالی کوریا پر عائد امریکی تحدیدات کے بعد صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہیکہ چین شمالی کوریا کو واضح طور پر کہہ رہا ہے کہ وہ (شمالی کوریا) امریکی تحدیدات سے ہرگز نہ گھبرائے اور یہاں تک کہ ایک شمالی کوریائی بحری جہاز پر چین نے تیل لادنے کی بھی اجازت دی۔ صدر ٹرمپ کے دعوے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ہوا چویونگ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اس تعلق سے متعدد رپورٹس شائع ہورہی ہیں جن کا حقیقت سے کچھ لینا دینا نہیں اور واضح کردیا کہ چین نے اپنے شہریوں اور کمپنیوں کو ایسی کسی بھی حرکت سے باز رہنے کی ہدایت کی ہے جو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مغائر ہو۔