بیجنگ ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) الیکٹرک بس اور الیکٹرک ٹرین کے بعد اب الیکٹرک طیارہ بھی تیار کیا گیا ہے جو دنیا کا پہلا مسافر بردار طیارہ ہوگا جسے حال ہی میں چین نے تیار کیا ہے اور جسے مسلمہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔ مذکورہ طیارہ صرف 3000 میٹر کی بلندی تک ہی پرواز کرسکتا ہے اور اس کے پر کا حصہ صرف 14.5 میٹر چوڑا ہوگا۔ اگر پرواز کی مدت 45 منٹ تا ایک گھنٹہ ہے تو طیارہ کو دو گھنٹے تک چارجنگ کی ضرورت ہوگی اور وہ صرف 160 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہی پرواز کرسکے گا۔ ژینہوا خبر رساں ایجنسی کے مطابق مذکورہ طیارہ کی ڈیزائننگ شینیانگ ایرواسپیس یونیورسٹی اور لائیوننگ جنرل اسوسی ایشن اکیڈیمی میں کی گئی ہے اور کل ہی دو الیکٹرک طیاروں کی ڈیلیوری لائیوننگ رکسیانگ جنرل اسوسی ایشن کمپنی لمیٹیڈ کو کی گئی ہے۔ اس طیارہ کو پائلٹ کی تربیت اور آفات سماوی کے وقت بچاؤ اور راحت کاری کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ طیارہ کی قیمت ایک ملین یوان (163,000 امریکی ڈالرس) ہے جبکہ جملہ 28 طیاروں کے آرڈر وصول ہوچکے ہیں۔