چین میں 22 ارب ڈالرز مالیت سونے کے ذخائرکی دریافت کا دعویٰ

کراچی ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین میں ملک کے سونے کے سب سے بڑے ذخائر دریافت کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جن کی مالیت 22 ارب ڈالرز بتائی جا رہی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی پیداواری کمپنی شین ڈونگ گولڈ گروپ کارپوریشن کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے مشرقی حصے میں ملکی تاریخ کے سونے کے سب سے بڑے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں۔ سونے کی اس کان کو شیلنگ کا نام دیا گیا ہے جس میں 382.58 ٹن سونا موجود ہے۔ کمپنی نے توقع ظاہر کی ہے کہ دو سال کے دوران کان کنی مکمل ہونے پر یہ ذخائر 550 ٹن تک پہنچ سکتے ہیں۔ بیان کے مطابق یہ ملک کی سب سے بڑی کان ثابت ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ چین کی وزارت صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا تھا کہ وہ ملک کے سونے کے ذخائر کو 2020ء تک 14 ہزار ٹن تک پہنچانا چاہتی ہے۔