بیجنگ ۔ 7 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج ایک سال طویل ثقافتی میلہ ’’ہندوستان کی جھلکیاں‘‘ کا چین میں آغاز کیا۔ افتتاحی تقریب میں چینائی کی کلاکشیترا ثقافتی اکیڈیمی شنگھائی کے فنکاروں نے ہندوستانی کلاسیکی رقص کا مظاہرہ کیا۔ میلہ کا اہتمام سالانہ دوستانہ تبادلہ تنظیم کے تحت کیا گیا ہے۔ شنگھائی میں بھرت ناٹیم اور کتھا کلی رقص کے مظاہروں کے ساتھ میلہ کا آغاز ہوا۔ میلہ چین کے 12 بڑے شہروں بشمول تبت کے صوبائی دارالحکومت لہاسا میں منعقد کیا جائے گا۔
نیپال کو 35.7 ملین روپئے کی ہندوستانی امداد
کٹھمنڈو ، 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے نیپال میں دو اسکولس اور ایک اسپتال کی تعمیر کیلئے باہمی معاشی تعاون پروگرام کے تحت 35.7 ملین روپئے بطور اقتصادی اعانت فراہم کئے ہیں۔ ہندوستانی سفیر برائے نیپال رنجیت رائے نے کل شاردا ہائیر سکنڈری اسکول کیلئے جو اس ضلع میں قدیم ترین سرکاری مسلمہ اسکولس میں سے ہے، نو تعمیرشدہ اسکول بلڈنگ کا افتتاح کیا۔ انڈین ایمبیسی نے کہا کہ نیپال۔ ہندوستان معاشی تعاون پروگرام کے تحت ضلع بھوجپور کے موضع دیورالی میں 19.12 ملین نیپالی روپئے کی ہندوستانی اعانت کے ساتھ تعمیرشدہ عمارت زائد از 700 اسٹوڈنٹس (55 فیصد طالبات) کیلئے بہتر سہولیات پیدا کرنے میں معاون ہوگی۔