بیجنگ ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بیجنگ کے وسطی علاقہ میں واقع وسیع و عریض چاؤیانگ پانگ میں آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 148ویں یوم پیدائش کے موقع پر زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور گاندھی جی کے پسندیدہ بھجن گائے۔ ہندوستانی سفارتخانہ سے تعلق رکھنے والی ایک ثقافتی ٹیم نے بھجن گائے ۔ایک چینی اسکول سے تعلق رکھنے والے طلباء نے گاندھی جی کے مشہور و معروف اقوال پیش کئے۔
یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ 2005ء میں چین کے مشہور مصور و مجسمہ ساز یوان ژیکون نے گاندھی جی کا ایک دلکش مجسمہ تیار کیا تھا جسے بعدازاں ایک پارک میں نصب کیا گیا تھا اور اس طرح دنیا بھر سے وہاں آنے والے سیاحوں کو گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ملا۔ ژیکون کے مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے علاوہ رابندرناتھ ٹیگور کا بھی ایک چھوٹا مجسمہ تیار کیا تھا جسے پارک سے ملحقہ ایک میوزیم میں رکھا گیا ہے۔ آج کی اس تقریب میں ہندوستانی سفارت کار بشمول بی ولسن بابو، گاندھی جی کے چینی مداح اور دیگر ہندوستانی تارکین وطن نے شرکت کی۔