چین میں موسلادھار بارش، 21 ہلاک

بیجنگ ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی چین میں گذشتہ چند دن سے جاری موسلادھار بارش کے نتیجہ میں کم سے کم 21 افراد ہلاک اور دیگر 4 لاپتہ ہوگئے۔ چین کے 7 صوبوں میں آج بھی زبردست بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں 11 لاکھ 7 ہزار افراد بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔ 17 ہزار افراد گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کو منتقل ہونے کیلئے مجبور ہوگئے۔ 6600 افراد کو ہنگامی امداد کی ضرورت ہے۔ 1600 گھر منہدم ہوگئے۔ 55 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا۔ سیلاب کے نتیجہ میں 47,600 ہیکٹرس پر کھڑی فصلیں زیرآب آگئیں اور 650 ملین یوان (105.7 ملین امریکی ڈالر) کا مالی نقصان ہوا ہے۔ گذشتہ جمعرات سے چین کے بعض علاقوں میں 300 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اس دوران طوفانی ہوائیں اورژالہ باری کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔ محکمہ موسمیات نے اس ہفتہ مزیدموسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔