چین میں سڑک حادثہ کے دوران لڑکا تولد !

بیجنگ 20 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) چین میں محیر العقل حالات میں ایک لڑکے کی ولادت ہوئی ہے ۔ یہ لڑکا ایک سڑک حادثہ میں تولد ہوا ہے جس میں اس کے والدین کی موت واقع ہوگئی ۔ کہا گیا ہے کہ ایک حاملہ خاتون وانگ زہو اپنے شوہر ناؤ کے ساتھ موٹر سیکل پر دواخانہ کو جا رہی تھی کہ اسے ایک ٹرک نے ٹکر دیدی ۔ ٹکر کے اثر سے دونوں میاں بیوی فوت ہوگئے اور لڑکا اچانک ہی تولد ہوگیا ۔ ٹکر کے اثر سے یہ لڑکا اپنی ماں کے پیٹ سے باہر نکل کر تین میٹر دور گر پڑا ۔

کہا گیا ہے کہ اس لڑکے کی حالت تشویشناک ہے ۔ ہائکانگ ہاسپٹل میں ماہر امراض اطفال فانگ مئی نے کہا کہ یہ کرشماتی بات ہے کہ لڑکا ایک انتہائی سنگین سڑک حادثہ میں پیدا ہوا ہے ۔ اس لڑکے کا وزن 4.2 کیلو بتایا گیا ہے اور اس بات پر حیرت ہے کہ وہ شدید حادثہ میں بھی زندہ رہا ۔ کہا گیا ہے کہ اس کے سر ‘ پیر اور پیٹھ پر زخم آئے ہیں اور اسے دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ اسے دماغ کی شیریان پھٹنے کا بھی اندیشہ ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اسے طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ مقامی افراد نے دواخانہ میں اس کی دیکھ بھال کا ذمہ لیا ہے جبکہ کئی خواتین نے اسے دودھ پلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایک مقامی ریڈ کراس سوسائیٹی نے بھی اس کیلئے فنڈز جمع کرنے کا اعلان کیا ہے۔