بیجنگ۔ 27؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ سمندری طوفان ماٹمو نے چین کے 8 صوبوں میں تباہی مچادی جس سے کم از کم 13 افراد ہلاک اور ڈھائی لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے۔ دو سمندری طوفانوں ماٹمو اور رماسون میں ہلاکتوں کی جملہ تعداد 77 ہوگئی ہے۔ 2 لاکھ 89 ہزار شہریوں کی بازآبادکاری کی گئی ہے۔ 37 ہزار افراد اب بھی بنیادی اشیائے ضروریہ سے محروم ہیں۔ ملک کے 8 صوبے سمندری طوفانوں سے بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ماٹمو چین کو متاثر کرنے والا جاریہ سال کا دسواں سمندری طوفان تھا جس نے مکانوں کو منہدم کردیا اور فصلیں تباہ کردیں۔ مالی نقصانات کا اندازہ 3 ارب 37 کروڑ یوان لگایا گیا ہے۔ سمندری طوفان ماٹمو کے ساتھ تیز رفتار آندھی اور موسلادھار بارش بھی ہوئی تھی۔ رماسون سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 62 ہے۔ وزارت داخلہ چین نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبے جھانزی اور گوانگڈان سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔