بیجنگ ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی چین کے ماینمار سے متصلہ صوبہ ینان میں 6.1 شدت کے طاقتور زلزلہ کے نتیجہ میں کم سے کم 29 افراد زخمی ہوگئے ہیں اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ینگ ژیانگ ٹاؤن آج مقامی وقت کے مطابق صبح 9.20 بجے اس زلزلہ سے دہل گیا جس کے بعد ہزاروں افراد خوف و دہشت کی حالت میں اپنی جان بچانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔ 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ زلزلہ کے بعد کئی مقامات پر برقی و آبرسانی کا سلسلہ منقطع ہوگیا ہے۔
چین، نئی ایجادات میں بہت پیچھے
امریکی نائب صدر
واشنگٹن، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے چین کی معاشی ترقی کے بارے میں کی جانے والی باتوں کو زیادہ اہمیت کا حامل قرار نہیں دیا۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق خارجہ پالیسی پر تقریر کے بعد امریکی فضائیہ سے تعلق رکھنے والے گریجوئیٹس سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے یہ بات تسلیم کی کہ ’’ہمارے مقابلے میں چین میں سائنس اور انجینئرنگ کی اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے والے گریجوئیٹس کی تعداد آٹھ گنا زیادہ ہے‘‘۔ تاہم ان کے بقول ’’میں آپ کو چیلنج دیتا ہوں کہ آپ اختراع و ایجاد سے متعلق کوئی ایک منصوبہ بتا دیں، تبدیلی لانے والی کوئی ایک جدت، کوئی جدید مصنوعات جن پر چین کی چھاپ ہو‘‘۔ بائیڈن نے 1990ء کی دہائی کا ذکر کیا جب بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ ’’بہت جلد جاپان ایک بڑی طاقت بن کر ابھرے گا، جاپان ہم سے آگے نکل جائے گا، اورجاپان ہی مستقبل کی طاقت ہوگا‘‘۔