چین میں دہشت گرد حملہ : 15 افراد ہلاک

بیجنگ 29 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چین کے پرسکون سمجھے جانے والی ژنجیانگ صوبہ میں ایک دہشت گردانہ حملہ میں جملہ 15 افراد ہلاک اور 14 دوسرے زخمی ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ مہلوکین میں حملہ آور بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ حملہ جنوب مغربی صوبہ میں شاچی کاؤنٹی میں ہوا ہے ۔ ٹیان شان نیوز ویب سائیٹ نے کہا کہ حملہ آوروں کی جانب سے اس حملہ میں گاڑیاں ‘ چاقو اور دھماکو مادے وغیرہ استعمال کئے گئے ہیں۔ یہ ادعا بھی کیا گیا ہے کہ مہلوکین میں 11 حملہ آور بھی شامل ہیں جنہیں سرکاری میڈیا کی جانب سے ہنگامہ آرائی کرنے والے قرار دیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ژنجیانگ صوبہ در اص لایغور مسلمانوں کا مسکن ہے جہاں کئی برسوں سے مقامی اور مہاجر چینییوں کے مابین تنازعہ چل رہا ہے ۔ گذشتہ چند برسوں کے دوران اس علاقہ میں دہشت گردانہ حملوں کے کئی واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ ان حملوں کیلئے اکثر و بیشتر القاعدہ کی حمایت والے مشرقی ترکستان اسلامی تحریک نامی گروپ کو ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے ۔