چین میں دو بچوںوالے والدین کا احتجاجی مظاہرہ

بیجنگ ۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین میں اب ایسے والدین جن کے پاس ملک کے فی جوڑا ۔ ایک بچہ کی پالیسی سے مغائر دو بچے تھے، انہوں نے اب فیملی پلاننگ کمیشن کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ان پر دو بچے پیدا کرنے کی پاداش میں جو جرمانے عائد کئے گئے تھے انہیں منسوخ کیا جائے کیونکہ حکومت نے اب ازخود دو بچے پیدا کرنے کی اجازت دی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ چین میں کئی دہوں تک شہری خاندانوں کو فی خاندان ایک بچہ پیدا کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جاتا رہا اور دیہی علاقوں کے خاندانوں کو فی خاندان دو بچے پیدا کرنے کی اجازت تھی بشرطیکہ انہیں پہلی بار لڑکی پیدا ہوئی ہو۔ رجسٹریشن آفس کے قریب عوام کا جم غفیر تھا جو اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے رجسٹریشن کیلئے وہاں آئے تھے۔