چین میں ایک شخص کو داڑھی رکھنے اور خاتون کو برقعہ پہننے پر جیل

بیجنگ ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین کے مسلم ژنجیانگ علاقہ میں عدالت نے ایک شخص کو داڑھی بڑھانے اور مشکلات کھڑی کرنے پر 6 سال قید کی سزا سنائی ۔ مقامی حکام کی جانب سے اس علاقہ میں داڑھی بڑھانے کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔ کسغر شہر کی عدالت نے ایغور کے 38 سالہ شخص کو 6 سال اور اس کی بیوی کو 2 سال جیل کی سزاء سنائی ۔ اس شخص نے 2010 ء میں داڑھی رکھنا شروع کیا تھا جبکہ اس کی بیوی اپنے چہرے پر نقاب لگارہی اور برقعہ اوڑھ رہی تھی ۔ اس جوڑے کو جھگڑا کرنے اور اشتعال پیدا کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ ژنجیانگ میں تقریباًایک سال سے حکام ایسے افراد کے خلاف مہم چلارہے ہیں جو اپنے چہروں پر داڑھی رکھتے ہیں ۔ ایک مہم بھی شروع کی گئی جس میں خواتین کی نقاب نہ اوڑھنے اور برقعہ نہ پہننے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے ۔ ژنجیانگ میں ایغور مسلمانوں کی کافی تعداد پائی جاتی ہے جہاں خواتین برقعہ پہنتی اور مرد افراد داڑھی رکھا کرتے ہیں ۔