چین مودی کے مجوزہ دورہ کا بے چینی سے منتظر

نائی پائی تا ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج چین کے ہم منصب لی کیقیانگ سے پہلی مرتبہ ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ چین ہندوستانی لیڈر کے دورہ بیجنگ کا منتظر ہے۔ مودی کی یہ ملاقات ہند۔ آسیان اور مشرقی ایشیاء چوٹی اجلاس کے موقع پر میانمار انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں ہوئی۔ لی کیقیانگ ان قائدین میں سے ایک ہیں جنہوں نے نریندر مودی کے بحیثیت وزیراعظم جائزہ لینے کے بعد فون پر ربط قائم کرتے ہوئے سب سے پہلے مبارکباد دی تھی۔ انہوں نے مودی حکومت کے ساتھ مستحکم روابط استوار کرنے کا عہد کیا تھا۔ آج کی ملاقات کے دوران مودی نے صدر چین ژی جن پنگ کے ستمبر میں دورہ ہند کا تذکرہ کیا اور کہا کہ یہ ایک یادگار دورہ کے طور پر ہمیشہ ذہنوں میں تازہ رہے گا۔ مودی کے اس تبصرہ کے جواب میں لی نے کہا کہ صدر کا یہ دورہ کافی کامیاب تھا۔