چین سے تعلقات بہتر بنانے جاپانی وفد کی چین روانگی

ٹوکیو۔ 4؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ سینئر جاپانی ارکان مقننہ کا ایک وفد آج بیجنگ کے لئے روانہ ہوگیا۔ اس وفد کو دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے اور علاقائی تنازعات کی یکسوئی کی ذمہ داری سپرد کی گئی ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے قائدین کی چوٹی کانفرنس میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔ برسراقتدار اور اپوزیشن پارٹیوں کے مشترکہ وفد کی قیادت سابق وزیر خارجہ و برسراقتدار لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر ماساہیکوکومورا کررہے ہیں۔ یہ وفد ٹوکیو کے ہنیدا ایرپورٹ سے آج صبح تین روزہ دورۂ چین پر روانہ ہوگیا۔ یہ وفد برسراقتدار اور اپوزیشن پارٹیوں کے 9 ارکان مقننہ پر مشتمل ہے۔

اپوزیشن پارٹی اور برسراقتدار پارٹی کے یہ ارکان جاپان۔ چین دوستی ارکان مقننہ کی یونین کے ارکان ہیں۔ دورہ کے موقع پر جاپانی ارکان مقننہ سابق وزیر خارجہ چین تانگ ژیامن اور دیگر چینی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ چین کے سرکاری نشری ادارہ ’این ایچ کے‘ کی اطلاع کے بموجب وفد کے ارکان میں سابق وزیر خارجہ کاٹسویا اوکاڈا بھی شامل ہیں جو اُمید ہے کہ صدر چین لی ژن پنگ کے قریبی بااعتماد ساتھیوں سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ صدر ژی اور وزیراعظم جاپان شنزو ایب کی چوٹی کانفرنس کی راہ ہموار کرسکیں۔ دونوں قائدین نے جاپان اور چین کے تعلقات کے گزشتہ کئی برسوں کے دوران پست ترین سطح تک پہنچنے کے بعد ابھی تک ملاقات نہیں کی ہے۔