ٹرمپ اور جن پنگ کی فون پر تفصیلی بات چیت کے بعد صدر امریکہ کا پرجوش ٹوئیٹ
واشنگٹن 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی امور پر بات چیت میں کافی بڑی پیشرفت ہوئی ہے ۔ ٹرمپ نے یہ بیان چینی صدر ژی جن پنگ کے ساتھ فون پر تفصیلی بات چیت کے بعد جاری کیا ہے ۔ امریکہ نے چینی اشیا پر سخت شرحیں عائد کی ہیں جن کی مالیت جملہ 250 بلین ڈالرس سالانہ تک کی ہے ۔ جواب میںچین نے بھی امریکہ کی تقریبا 110 بلین ڈالرس مالیتی اشیا پر سخت شرحیں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ان اقدامات کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے مابین تجارت پر اثر ہوا ہے ۔ دونوں ممالک کے صدور کے مابین 30 نومبر کو ارجنٹینا کے دارالحکومت بوئنس آئرس میں G- 20 کانفرنس کے دوران بات چیت کے موقع پر ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ تجارتی تحدیدات پر عمل آوری کو فی الحال روک دیا جائے ۔ صورتحال جوں کی توں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ اس کانفرنس کے موقع اعلان کیا گیا تھا کہ جو سخت شرحیں عائد کرنے کا فیصلہ ہوا ہے اس پر آئندہ سال یکم مارچ سے عمل آوری کی جائیگی ۔ ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹر پر اعلان کیا کہ ان کی ابھی ابھی صدر ژی جن پنگ کے ساتھ فون پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ۔ یہ بات اچھی بات چیت تھی ۔ بات چیت درست سمت میں جارہی ہے ۔ اگر اس تعلق سے کوئی معاہدہ ہوجاتا ہے تو یہ انتہائی جامع ہوگا اور اس میں تمام امور ‘ اشیا اور شعبوں کا احاطہ کیا جائیگا ۔ تمام تنازعات کی یکسوئی ممکن ہوسکے گی ۔ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ بات چیت میں کافی اچھی پیشرفت ہوئی ہے ۔ دونوں ممالک کی جانب سے تجارتی مسائل کو اندرون تین ماہ حل کرنے کے فیصلے کے بعد ان ممالک کے عہدیداروں کی جانب سے فون پر کئی ادوار کی بات چیت ہوئی ہے ۔ اس تجارتی معاہدہ کی تفصیلات کا تاہم ابھی تک علم نہیں ہوسکا ہے ۔ ٹرمپ چاہتے ہیںکہ چین باہمی تجارتی امور میں ہونے والے بھاری تجارتی خسارہ کو دور کرنے کی کوشش کرے ۔ حالیہ عرصہ میںچین نے باہمی تجارتی معاملات میں اپنے رویہ میں قدرے نرمی کا مظاہرہ کیا ہے ۔