بیجنگ، 27اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ سے تجارتی جدو جہد سے دوچار چین نے کہا ہیکہ وہ برطانیہ کے یوروپی یونین سے انخلا کے بعد اس کیساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کیلئے تیار ہے۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چین اور برطانیہ بریگزٹ کے بعد باہمی آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر غور کررہے ہیں جس کیلئے ان کا ملک پوری طرح تیار ہے ۔ حال ہی میں برطانوی حکام کی جانب سے چینی کمپنیوں کو پیغام دیا گیا کہ آئندہ سال برطانیہ کے یوروپی یونین سے انخلا کے بعد ملک چینی سرمایہ کاروں کیلئے پوری طرح کھلا ہے اور چین ایسے ممالک میں شامل ہے ،جن کیساتھ برطانیہ آزادانہ تجارت کے معاہدہ کا خواہاں ہے جسکے بعد چین نے اسے اس حوالے سے مذاکرات کی دعوت دیدی۔ برطانوی و چینی وزرائے تجارت کے درمیان گزشتہ روز اسی حوالے سے ہوئی مذاکرات کے بعد جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ فریقین اس بات پر متفق ہیں کہ برطانیہ کے یوروپی بلاک سے انخلا کے بعد کے دور کیلئے آزادانہ تجارت کے معاہدے کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع تلاش کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں وزرائے تجارت کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کے علاوہ جن امور پر غور کیا گیا ان میں قانونی خدمات اور ورک ویزاکو آسان بنانا نمایاں ہیں۔