بیجنگ ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے پیانگ یانگ کے شاذونادر ہونے والے دورہ کے دوران شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان سے ملاقات کی۔ چین کی وزارت خارجہ نے آج اپنے سرکاری سوشیل میڈیا پر یہ بات بتائی۔ یاد رہیکہ وانگ یی اس وقت شمالی کوریا کے دور روزہ دورہ پر ہیں جو دونوں کوریاؤں کے قائدین کے ذریعہ ہوئی ملاقات کے بعد کیا جانے والا تاریخی دورہ ہے جبکہ اسے کم جونگ ان اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ہونے والی ملاقات کی تیاریوں سے بھی تعبیر کیا جارہا ہے۔ کم جونگ سے ملاقات کے بعد انہوں نے اپنے شمالی کوریائی ہم منصب ری یانگ ہو سے بھی ملاقات کی جہاں دیگر موضوعات کے علاوہ جزیرہ نما کوریا کو نیوکلیئر توانائی سے پاک بنانے پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ یاد رہیکہ 2007ء کے بعد کسی بھی چینی وزیرخارجہ کی جانب سے شمالی کوریا کا یہ پہلا دورہ ہے۔