بیجنگ۔7جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ چین وانگ پی ایک خصوصی قاصد کی حیثیت سے کل دہلی آرہے ہیں ۔ چین کے صدر ژی جن پنگ نے مسٹر وانگ کو اپنے خصوصی قاصد کی حیثیت سے ہندوستان روانہ کیا ہے تاکہ ہندوستان کی نریندر مودی کی قیادت میں نئی حکومت کے ساتھ دو رخی تعلقات کو مستحکم کیا جاسکے ۔ نریندر مودی چین کیلئے کوئی نئی شخصیت نہیں ہیں ۔ 61سالہ وانگ ایک انتہائی تجربہ کار اور سینئر سفارتکار ہیں ۔ وہ وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنے دو روزہ دورہ کے دوران بات چیت کریں گے ۔
علاوہ ازیں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور نئے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈول سے ملاقات بھی مسٹر وانگ کے پروگرام میں شامل ہے ۔ ہندوستان میں انتخابی عمل کی تکمیل ‘ بی جے پی کی فتح اور نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلا رابطہ ہوگا جبکہ وزیراعظم چین لی کیگیانگ نے مودی کو بذریعہ فون اسی وقت مبارکباد دی تھی جب نریندر مودی نے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیا تھا ۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہانگ لی نے میڈیا بریفنگ کے دوران یہ تفصیلات بتائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں نئی حکومت تشکیل دی گئی ہے
اور اب دونوں ممالک کے لئے ترتی کے متعدد مواقع پیدا ہوں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ چین اس بات پر ہندوستان پر نظر رکھے ہوئے ہے کہ مودی وزیراعظم بننے کے بعد اپنے پہلے بیرونی دورہ میں کن کن ممالک کا سفر کرتے ہیں کیونکہ وزیراعظم چین لی کیگیانگ نے گذشتہ سال اقتدار حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے ہندوستان کا دورہ کیا تھا ۔ چین میں میڈیا نے نریندر مودی کے پہلے بیرونی دوروں کی خوب تشہیر کی ہے جہاں مودی پہلے بھوٹان کا دورہ کریں گے اور بعد ازاں جولائی میں جاپان جائیں گے ۔ یہ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ ماہ برازیل میں منعقد شدنی بریکس چوٹی کانفرنس میں نریندر مودی صدر چین ژی جن پنگ سے ملاقات کریں گے ۔