لاہور ۔ 10 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے صوبہ پنجاب میں مختلف پراجکٹس میں کام کرنے والے تقریباً 3000 چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے 7000 فوجیوں پر مشتمل ایک مضبوط پروٹیکشن فورس تشکیل دی ہے ۔ دریں اثناء پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خان زادہ نے توثیق کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ پنجاب میں برسرکار چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے 7000نفوس پر مشتمل ایک انتہائی مضبوط پروٹیکشن فورس تیار کی گئی ہے جس کی کارکردگی ہرقسم کے نقائص سے پاک ہوگی ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انھوں نے کہاکہ انٹلیجنس کی اطلاع کے مطابق بیرونی ورکرس کو دہشت گرد اپنا نشانہ بناسکتے ہیں خصوصی طورپر چینی چہریوں کو لہذا پولیس ، رینجرس اور ملٹری گارڈس پر مشتمل 7000 افراد چینی شہریوں کو نقائص سے پاک 24 گھنٹے سکیورٹی فراہم کرںیں گے جس کے بارے میں چینی قونصل جنرل یو بورین کو بھی مطلع کردیا گیا ہے کہ کس طرح پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے تشویش میں مبتلا ہے اور کیا کیا حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ مسٹر بورین نے پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور یہ بھی بتایا کہ صدر چین ژی جنگ پنگ عنقریب پاکستان کا دورہ بھی کریں گے ۔