چینی مصنوعات پر امریکہ میں 60 فیصد زائد ٹیکس کا نفاذ

امریکہ دو ملین ملازمتوں سے محروم
دنیا کی دو عظیم معیشتوں میں مزید دراڑوں کا اندیشہ

واشنگٹن ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایک بار پھر چین کے ساتھ تجارتی خسارہ کا رونا روتے ہوئے اب یہ کہا ہیکہ اس کی وجہ سے امریکہ میں دو ملین ملازمتوں کی قلت بھی پیدا ہوئی ہے۔ وائیٹ ہاؤس نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے چین کے غیرمناسب تجارتی رویہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے فیصلہ کا دفاع کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یاد رہیکہ ٹرمپ نے امریکہ کی انٹلکچول پراپرٹی کو ضبط کرنے کی پاداش میں چین کی اس نامناسب حرکت پر اسے سزاء دینے کے لئے چین سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 60 فیصد زائد ٹیکس عائد کیا ہے۔ عالمی سطح پر امریکہ کے اس رویہ پر دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے ہی کشیدہ تجارتی تعلقات میں مزید دراڑیں پیدا ہوسکتی ہیں جبکہ چین اور امریکہ کو آج دنیا کی دو عظیم معیشتوں سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ انٹلکچول پراپرٹی کے سرقہ کے بعد ٹرمپ نے امریکی تجارتی نمائندوں کو ہدایت کی ہیکہ وہ چین سے درآمد اشیاء پر اتنا ٹیکس نافذ کرے جس کی قدر 60 بلین ڈالرس ہو جو اب امریکہ اور چین کے درمیان تجارت کا ایک اہم نکتہ بن چکا ہے جبکہ دوسری طرف چین نے بھی امریکہ کے خلاف جوابی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے جو موٹا حساب کیا ہے اس کے مطابق ہر ایک بلین ڈالر کے تجارتی خسارہ نے جو مارکٹ کی مخدوش پالیسی کی وجہ سے رونما ہوا ہے، امریکہ کو 6000 ملازمتوں سے محروم کردیا۔ یہ صورتحال ایسی ہے جو یقینی طور پر نہ صرف امریکی حکومت بلکہ امریکی عوام کو بھی تشویش میں مبتلا کرسکتی ہے۔ اب یہ فیصلہ چین کو کرنا ہیکہ وہ مستقبل میں کیا چاہتا ہے۔