چینی فیکٹری میں دھماکہ، 69 افراد ہلاک، 187 زخمی

بیجنگ ، 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) چین کے شہر کُنشان کے صنعتی زون میں واقع کاروں کے پُرزے بنانے والی ایک بڑی فیکٹری میں دھماکے سے کم از کم 69 افراد کے ہلاک ہوگئے اور 187 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ آج صبح مشرقی چین میں واقع فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ جس وقت دھماکہ ہوا تب فیکٹری کے اندر تقریباً 200 ملازمین کام کر رہے تھے۔ سرکاری ٹی وی نے فیکٹری کے اندر نصب کلوز سرکٹ ٹی وی کی فوٹیج بھی دکھائی ہے۔ اس میں فیکٹری کے اندر سے اٹھتا ہوا گہرا سیاہ دھواں واضح طور پر دکھائی دے رہا تھا۔

اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے کئی فائر یونٹس مصروف رہے۔ زخمیوں کو فیکٹری کے اندر سے بڑے بڑے ٹرکوں پر لاد کر باہر نکالا گیا۔ تقریباً تمام زخمی گہرے دھویں اور راکھ سے اَٹے ہوئے تھے۔ اِسی طرح بچ جانے والے مزدورں کے کپڑے بھی آگ سے جل ضرور گئے لیکن وہ جْھلسنے سے محفوظ رہے۔ مقامی حکام کے مطابق کم از کم 120 زخمیوں کو اسپتالوں تک پہنچایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق 40 افراد کی فیکٹری میں دھماکے اور آتشزدگی کے دوران موت واقع ہو گئی تھی جبکہ بقیہ نے شدید زخمی حالت میں اسپتالوں میں دم توڑا۔ مشرقی صوبہ جیانگ ژو میں کُنشان کے انڈسٹریل زون میں قائم ژون گرونگ میٹل پروڈکٹس کمپنی کسی تائیوانی سوداگر کی ہے، جو 1998 ء میں قائم کی گئی تھی۔ یہ کمپنی موٹر گاڑیوں کے وہیل کیلئے ایلومینیم کے اندرونی ہَب تیار کرتی ہے۔ وہیل میں استعمال ہونے والے یہ اجزاء امریکی کار ساز ادارہ جنرل موٹرز کے علاوہ دوسری کمپنیوں کو سپلائی کیے جاتے ہیں۔ جنرل موٹرز نے تصدیق کی ہے کہ ژون گرونگ کمپنی اُس کیلئے فاضل پرزے تیار کرتی ہے۔