بیجنگ ۔ یکم ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام) : صدر چین ژی جن پنگ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ چین اپنی مطلق العنانی اور سیکوریٹی پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اس بات کا ہمیں پورا یقین ہے کہ چین میں کسی بھی نوعیت کی دراندازی یا فوج کشی کو کچلنے کی پوری پوری صلاحیت موجود ہے ۔ چین کی 2.3 ملین فوجیوں پر مشتمل پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کو دنیا کی طاقتور ترین فوج سمجھا جاتا ہے جس کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر ترتیب دیئے گئے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جن پنگ نے کہا کہ ہم کسی بھی قوم کو ، تنظیم کو یا سیاسی پارٹی کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ چین کی سرحدوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کرے ۔ یاد رہے کہ جن پنگ نے یہ اہم بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب سکم تنازعہ پر ہند و پاک میں زبردست کشیدگی پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی عوام امن پسند ہیں ۔ ہم نے کبھی بھی کسی ملک پر فوج کشی یا اپنی سرحدوں کو غیر قانونی طور پر وسعت دینے کی کبھی کوشش نہیں کی بلکہ ہم ایسی کوشش کرنے والوں کو شکست فاش دیں گے ۔ 64 سالہ جن پنگ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہماری مطلق العنانی ، سیکوریٹی اور ترقیاتی مفاد کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے والی کسی بھی کارروائی کو چین برداشت نہیں کرے گا ۔ گریٹ ہال میں منعقدہ تقریب میں چین کے وزیراعظم لی کیگیانگ اور حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی کے اعلی سطحی قائدین نے بھی شرکت کی ۔