چینی عہدیداروں کے امریکی ویزا پر پابندی

تبت تک رسائی کی اجازت سے انکار پر کارروائی
واشنگٹن ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی کانگریس نے ایک کلیدی بل منظور کرلی جو ان چینی عہدیداروں پر ویزا امتناع سے متعلق ہے جنہوں نے امریکی شہریوں سرکاری عہدیداروں اور صحیفہ نگاروں کو چین کے حساس ہمالیائی علاقہ تبت تک رسائی کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ جلاوطن تبتی لیڈر دلائی لاما کے سابق وطن میں مبینہ مذہبی رکاوٹوں کی اطلاع رسانی کیلئے دورہ کے خواہاں امریکی جرنلسٹوں، شہریوں، سفارتکاروں اور دوسروں کو تبتی خود اختیار علاقہ تک رسائی کے فقدان کی اطلاعات پر امریکہ نے ماضی میں بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ امریکی کانگریس میں یہ قانون سازی متفقہ ندائی ووٹ سے منظور کی گئی۔ ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے چینی اشیاء پر بھاری درآمدی ڈیوٹی عائد کئے جانے کے درمیان یہ قانون منظور کیا گیا ہے۔ چینی اشیاء پر امریکہ میں بھاری درآمدی ڈیوٹی عائد کئے جانے کے اثرات چینی معیشت کو متاثر کرنے لگے ہیں۔ امریکی کانگریس کی ہند نژاد رکن پرمیلا جیہ پال نے کہا کہ ’’تبت کے قانون سے متعلق جوابی خیرسگالی قانون انصاف ، انسانی حقوق اور محتاط امریکی سفارت سے تعلق رکھتی ہے۔ ایک طویل عرصہ سے چین رسائی سے انکار کرتا رہا ہے۔