برلن ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین کے صدر شی جِن پِنگ دورۂ یورپ کے تیسرے مرحلے میں آج جرمنی پہنچ گئے۔ صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ اُن کا پہلا دورۂ جرمنی ہے۔ اس دو روزہ دورے کے موقع پر وہ چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کریں گے۔ خبر رساں ادارہ اے ایف پی کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شی سے ملاقات میں جرمن قائدین کی جانب سے چین میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کا کھلے عام تذکرہ متوقع نہیں ہے۔ البتہ تجارتی امور بات چیت پر حاوی رہیں گے۔ شی ایسے موقع پر جرمنی پہنچ رہے جب برلن حکومت ایک ہفتے بعد ہی بیجنگ حکومت کے منحرف فنکار آئی وے وے کے فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کرنے جا رہی ہے۔
وسطی افریقہ میں جلوس جنازہ پر حملہ، 20 ہلاک
بنگوئی ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وسطی افریقی جمہوریہ کے دارالحکومت بنگوئی میں گذشتہ شب عیسائیوں کے ایک جلوس جنازہ پر دستی بم حملوں کے نتیجہ میں کم سے کم 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ وزیرعوامی سلامتی ڈینس وانگووا کیزی مالے نے کہا کہ 11 بجے شب انتہاء پسندوں کے ایک گروپ نے ہجوم پر دستی بم پھینکا جس کے نتیجہ میں 20 افراد ہلاک اور دیگر 11 زخمی ہوئے جن کا ہاسپٹل میں علاج کیا جارہا ہے۔ مہلوکین میں ایک حاملہ عورت اور کئی بچے شامل ہیں۔