چینی صدر کا دورۂ پاکستان سیاسی صورتحال کے سبب ملتوی

اسلام آباد ، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دفتر حارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر دونوں ممالک کی باہمی مشاورت سے چین کے صدر شی جن پنگ کا دورۂ پاکستان ملتوی ہو گیا ہے۔ چینی صدر رواں ماہ پاکستان کے دورے پر آنے والے تھے۔ دفتر خارجہ کے مطابق چینی صدر کے دورۂ پاکستان کی نئی تاریخوں کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ چند روز قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی چینی صدر کے دورۂ پاکستان کے التوا کی تصدیق کرتے ہوئے تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے سربراہان کو اس کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’مبارک ہو! عمران خان اور طاہر القادری ، چین کے صدر کا دورہ منسوخ ہوگیا ہے۔ ان (اپوزیشن قائدین) کی وجہ سے پاکستان کو سب سے بڑا سفارتی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ یہ ہمارے لئے باعثِ شرم ہیں‘‘۔ وفاقی حکومت کے مطابق چین کے صدر کے دورۂ پاکستان کے دوران مختلف منصوبوں پر 34 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعلق معاہدوں پر دستخط ہونا تھے۔ گزشتہ ماہ ہی وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ چین نے پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے آئندہ چار برس کے دوران ملک میں دس ہزار میگاواٹ سے زیادہ کے بجلی گھروں کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔