بیجنگ ، 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چینی صدر شی جن پنگ نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ آئندہ ہفتے روس میں ہونے والی ایک علاقائی سمٹ میں شریک ہوں گے۔ ایسٹرن اکنامک فورم میں جاپان اور جنوبی کوریا کے وزرائے اعظم بھی شرکت کریں گے۔ 11 تا 13 ستمبر منعقد ہونے والی اس علاقائی سمٹ میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ تاہم ابھی تک اس کمیونسٹ رہنما کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس تین روزہ فورم میں علاقائی اور بین الاقوامی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
شمالی کوریا کے ساتھ مذاکراتی سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا: امریکی صدر
واشنگٹن ، 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے صاف بنانے کی کوشش کامیاب ہو جائے گی۔ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان نے بھی عندیہ دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں مذاکرات رکھنے کو تیار ہیں۔ صدر ٹرمپ نے نیا بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے، جب گزشتہ کچھ ہفتوں سے امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین روابط میں تعطل نظر آ رہا تھا۔ تاہم ان کی طرف سے امریکی صدر پر یقین کا اظہار کرنے پر ٹرمپ نے بھی فوری طور پر کہا کہ مشترکہ کوششوں سے مسائل ہو حل سکتے ہیں۔