چینی ذرائع ابلاغ سے حیرت انگیز تبادلے خیال :مودی

بیجنگ ۔ /12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اپنے دورہ چین سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ چینی ذرائع ابلاغ کے ساتھ ان کا تبادلہ خیال حیرت انگیز رہا ۔ جس کے دوران انہوں نے ہند۔چین تعلقات کے مزید فروغ کے امکانات کو اجاگر کیا ۔ مودی نے کہا کہ ہند ۔ چین تعلقات کے سلسلے میں کئی مسائل پر تبادلے خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غربت کے خاتمے اور مزید پیشرفت کیلئے اپنی طاقتوں کو یکجا کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنا چاہئیے ۔ وہ چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں صدر چین ژی جن پنگ کا گزشتہ سال احمد آباد میں استقبال کرکے بہت خوشی ہوئی اور انہوں نے اپنے لئے اسے اعزاز محسوس کیا کہ وہ شخصی طور پر صدر چین کا خیرمقدم کررہے تھے ۔ مودی /14 مئی کو چین کے شہر ژیان پہونچیں گے وہ اپنے تین روزہ دورہ کے موقعہ پر وزیراعظم لی کے قیانگ سے ملاقات کریں گے اور /16 مئی کو شنگھائی روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ تاجر برادری کی ایک تقریب سے خطاب کریں گے اور سنگھاپور میں مقیم ہندوستانی برادری کے ساتھ تبادلے خیال کریں گے ۔ گزشتہ سال صدر اور وزیراعظم چین ہندوستان کا دورہ کرکے وزیراعظم مودی کو دورہ چین کی دعوت دے چکے ہیں ۔