چینی دریا میں کیمیائی آلودگی، سربراہی آب متاثر

بیجنگ۔ 18؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ چین کے صوبہ ژیجیانگ کی ایک دریا میں کیمیائی آلودگی کی وجہ سے لاکھوں افراد کو پانی کی سربراہی متاثر ہوئی۔ 3 بجے شب شہر فویانا کو کیمیائی اشیاء سربراہ کرنے والا ٹرک سڑک پر اُلٹ گیا تھا اور اس سے خارج ہونے والے کیمیائی مادّے دریائے فوچن میں شامل ہوگئے تھے جس کی وجہ سے شہر کو پینے کے پانی کی سربراہی معطل کردی گئی۔ پانی سربراہ کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت دی گئی کہ دریا سے پانی حاصل کرنا بند کردیں۔ متاثرہ علاقہ میں ماہی گیری پر بھی امتناع عائد کردیا گیا۔ شہری پانی کی سربراہی معطل کرنے کے بعد پینے کے پانی سے محروم ہوگئے۔ چین میں دریائی پانی میں کیمیائی آلودگی پیدا ہونے کی وجہ سے پینے کے پانی سے محروم ہونے والا یہ تیسرا شہر ہے۔