بیجنگ، 25مارچ(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی درآمدات پر اربوں ڈالر کی ڈیوٹیز لگانے کے اقدامات سے دنیا میں تجارتی جنگ چھڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا جب کہ یوروپ بھی امریکی اقدامات پر انتقامی کارروائی کرنے کے لیے غور کر رہا ہے ۔اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پہلے اسٹیل اور المونیم درآمدات پر ٹیرف عائد کیے گئے اور اس کے بعد جمعرات کو چین کی 60 ارب ڈالر کی درآمدات پر 25 فیصد تک ٹیرف لگادئیے گئے ۔ امریکہ نے ان چینی شعبوں کو ہدف بنایا جس میں واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ ان میں چین نے امریکی ٹیکنالوجی چرائی ہے ۔ جواب میں بیجنگ نے بھی امریکہ کو اس کی مصنوعات پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی ہے اور اس سلسلہ میں چینی وزارت تجارت نے 128 اشیا پر ایک فہرست بھی تیار کرلی ہے ۔ ان امریکی اشیا پر 10 سے 25 فیصد تک ٹیرف عائد کیے جاسکتے ہیں۔دوسری طرف یوروپ بھی امریکی اقدامات پر انتقامی کارروائی کرنے کے لیے غور کر رہا ہے ۔ فرانسیسی صدر امانوئیل میکرون نے متنبہ کیا ہے کہ یوروپ کمزوری دکھائے بغیر واشنگٹن کی دھمکیوں کا جواب دے گا تاہم ہفتہ کو تجارتی کشیدگی کم ہونے کے بھی اشارے ملے ہیں۔