چینی بمبار طیارہ کی موجودگی تشویشناک:فلپائن

منیلا، 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن نے متنازعہ بحیرہ جنوبی چین میں چینی بمبار طیاروں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ فلپائن کے صدر جمہوریہ روڈریگو دتیرتے کے ترجمان ہیری روکیو نے کہا کہ وزارت خارجہ نے اس پر مناسب کارروائی کی ہے ۔ جبکہ چین کی فضائیہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے بحیرہ جنوبی چین میں واقع جزائر پر فوجی مشق کیلئے H-6 جیسے طیارے اتارے ہیں۔ فلپائن کی اپوزیشن پارٹیوں نے اس پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے ۔ امریکہ نے بھی جنوبی چین کے متنازعہ علاقے میں چین کے بڑھتے غلبے پر یہاں اپنے جنگی جہاز بھیجے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ فلپائن اکیلے بحیرہ جنوبی چین میں چین کے بمبار طیاروں کی موجودگی کی تصدیق نہیں کر سکتا، لیکن موصولہ رپورٹوں کو دیکھتے ہوئے اس سے علاقے کے استحکام اور امن پر پڑنے والے اثرات پر گہری تشویش کا ہونا فطری ہے ۔