حیدرآباد 17 مئی ( پی ٹی آئی ) چینی بحریہ ( پی ایل اے بحریہ ) کے دو جہاز آج مشرقی بحری کمان ہیڈکوارٹرس پہونچے ۔ یہ بحری جہاز اپنے اولین خیرسگالی دورہ پر یہاں پہونچے ہیں۔ یہ جہاز اپنے خیر سگالی دورہ میں ہندوستان کے علاوہ مزید تین ممالک کو جائیں گے ۔ یہ جہاز جو زہینگھی اور ویفانگ نام کے ہیں اور ان کے ساتھ ایڈمیرل ہان ژیاہو کمانڈر ٹریننگ شپ ٹاسک گروپ اور رئیر ایڈمیرل لی جیانجون ‘ اسسٹنٹ چیف آف اسٹاف اینڈ پولیٹیکل کمشنر پی ایل اے ڈالین بحری اکیڈیمی بھی ہیں۔ یہ چار روزہ دورہ ہے ۔ اس دورہ کے موقع پر دونوں ملکوں کی بحریہ کے عہدیداروں کے مابین تبادلہ خیال ہوگا اور کئی پیشہ ورانہ ‘ ثقافتی ‘ سماجی اور کھیل کود کے مقابلے بھی ہوسکتے ہیں۔ بحریہ کے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ دونوں ملکوں کی بحریہ کے مابین باسکٹ بال اور فٹبال کے دوستانہ مقابلوں کے علاوہ چینی بحریہ کے عہدیدار وشاکھا پٹنم ضلع میں تفریحی مقامات کا دورہ بھی کرینگے ۔ چینی بحریہ کے ایڈمیرلس شیڈول کے مطابق فلیگ آفیسر کمانڈنگ ان چیف مشرقی بحری کمان وائس ایڈمیرل انیل چوپڑہ سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ زہینگے نامی جہاز 1987 میں چینی بحریہ میں شامل ہوا تھا اور یہ ایک ٹریننگ جہاز ہے ۔ اس کے کمانڈر یہہ کیاہوا ہیں جبکہ ایک اور جہاز ویفیانگ کے کمانڈر کیپن زہانگ زیگے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ بحری جہاز خیر سگالی دورہ پر چار ممالک کیلئے روانہ ہوئے ہیں۔ یہ ہندوستان کے علاوہ میانمار انڈونیشیا اور ویتنام بھی جائیں گے ۔ یہ وشاکھا پٹنم سے 20 مئی کو واپس ہونگے ۔